شہر قائد میں 5 روز قبل اغوا ہوئے والے بچے کی بوری بند لاش برآمد

Published On 23 September,2025 02:14 am

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں 5 روز قبل اغواہونے والے بچے کی بوری بند لاش برآمد ہوگئی۔

لانڈھی کے علاقے 36 بی لال مزار گندی گلی میں قائم کچرا کنڈی سے بوری بند لاش کی اطلاع پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اس دوران پولیس نے لاش کو چیک کیا تو اس میں سے کمسن لڑکے کی تعفن زدہ لاش ملی جو کہ چند روز پرانی بتائی گئی۔

لانڈھی پولیس نے فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کرنے کے بعد مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دی جہاں بچے کی شناخت 7 سالہ سعد ولد سلمان کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول 7 سالہ سعد علی 18 ستمبر کو لانڈھی بی ایریا گوشت مارکیٹ لال مزار کے قریب سے لاپتہ ہوا تھا تاہم پولیس نے مغوی سعد علی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ لاش کے معائنے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی وجہ موت کے تعین سمیت دیگر حوالے سے معلوم ہو سکے گا، مغوی کے والد کا کہنا تھا کہ ہماری تو کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، لاش ملنے کی اطلاع پر مغوی کے گھر میں کہرام مچ گیا۔

علاقہ مکینوں نے پولیس پر غفلت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 5 روز میں رپورٹ درج ہونے کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔