کراچی: سپر ہائی وے میمن گوٹھ میں 3 خواجہ سراؤں کے قتل کا مقدمہ درج

Published On 22 September,2025 10:06 am

کراچی: (شہباز خان) شہر قائد میں سپر ہائی وے میمن گوٹھ کے علاقے سے گزشتہ روز 3 خواجہ سراؤں کی نعشیں برآمد ہونے کا لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جس کا مقدمہ میمن گوٹھ تھانے میں قتل کی دفعہ کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ خواجہ سراء ظفر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مدعی نے بتایا کہ مقتولین الیکس، جیئل اور اسما ان کے قریبی ساتھی تھے اور وہ سب ایک ہی علاقے میں مختلف کمروں میں رہائش پذیر تھے، انہیں واٹس ایپ کے ذریعے اطلاع ملی کہ ان کے ساتھیوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔

مدعی نے مؤقف اختیار کیا کہ تینوں خواجہ سراؤں کو نامعلوم افراد نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر قتل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شہرِ قائد میں سپر ہائی وے سے 3 خواجہ سراؤں کی لاشیں برآمد

پولیس حکام کے مطابق تینوں خواجہ سراؤں کی نعشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعاتی شواہد کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں اور قاتلوں کی گرفتاری کیلئے ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے، حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔