کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات کے خلاف ملک گیر کارروائیوں میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 27 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر لی جبکہ خاتون سمیت 7 ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیاں اسلام آباد، پشاور، سیال موڑ انٹرچینج، ملتان اور فیصل آباد میں کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر کی گئی ان کارروائیوں کے دوران 18 کلوگرام آئس، 5 کلو 300 گرام چرس، 4 کلو گرام افیون اور ہیروئن بھرے 85 کیپسولز برآمد کئے گئے۔
ترجمان کے مطابق تمام ملزمان کیخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف اے این ایف کی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔