کندھ کوٹ پولیس کی کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک

Published On 21 September,2025 10:53 am

کندھ کوٹ: (دنیا نیوز) کندھ کوٹ پولیس نے خفیہ اطلاعات پر بڑا آپریشن کرتے ہوئے دو خطرناک ڈاکوؤں کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران 6 افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت صحبت جاگیرانی اور شفیق ڈاھانی کے ناموں سے ہوئی ہے، جو سنگین جرائم میں ملوث تھے، مذکورہ ڈاکوؤں نے گزشتہ روز پولیس چوکی پر حملہ کر کے ایک پولیس اہلکار کھوسو کو اغوا کر لیا تھا۔

ایس ایس پی کندھ کوٹ محمد مراد گھانگھرو کے مطابق مغوی اہلکار کی بازیابی کیلئے بھرپور آپریشن کیا جا رہا ہے جو کہ مغوی اہلکار کی بازیابی تک جاری رہے گا، جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔