فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے علاقے جوڑے پل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں دو خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو محسن اور ذیشان 80 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھے اور ان کے خلاف مختلف علاقوں میں متعدد مقدمات درج تھے۔
سی سی ڈی کے ذرائع کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کے چار ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے شہریوں سے چھینی گئی دو موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ محسن اور ذیشان متعدد وارداتوں میں ملوث تھے اور ان کا تعلق جھوک کھرلاں سے تھا، یہ ڈاکو واردات کے دوران متعدد افراد کو زخمی کرنے کے بھی مرتکب تھے۔
سی سی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقابلے کے دوران فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔