ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم پکڑ لیا

Published On 21 September,2025 11:48 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) زون کی زیر نگرانی ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل تفتان نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث اہم ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی تفتان کے علاقے میں عمل میں لائی گئی، جہاں ملزم شادی خان کو حراست میں لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے 475 ملین ایرانی ریال، اور 60 امریکی ڈالر،2 لاکھ 59 ہزار پاکستانی روپے اور موبائل فون برآمد ہوا ہے، ملزم سے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی ایکسچینج سے متعلق اہم ریکارڈ بھی ملا ہے۔

ترجمان کے مطابق ملزم شادی خان بغیر کسی لائسنس کے کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہا تھا اور مختلف حوالہ ہنڈی نیٹ ورکس سے منسلک تھا۔

ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس غیر قانونی نیٹ ورک کے دیگر عناصر کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔

ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی ذرائع سے لین دین سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ایف آئی اے کو دیں۔