سندھ پولیس کا صحافی امتیار میر کے قتل میں ملوث 4 مشتبہ افراد گرفتار کرنے کا دعویٰ

Published On 27 October,2025 10:14 pm

کراچی :(دنیا نیوز) حکومت سندھ اور پولیس کے مطابق صحافی اور اینکر پرسن امتیاز میر کے قتل کیس میں ایک کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار، آئی جی غلام نبی میمن اور ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے آج کیس سے متعلق پیش رفت پر ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

صوبائی وزیرِ داخلہ لنجار نے کہا کہ صحافی امتیاز میر کے قتل میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، کارروائی کراچی پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ادارے نے مشترکہ طور پر کی، ملزمان ایک کالعدم تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں جو بیرونِ ملک سے ہدایات حاصل کرتے تھے۔

ضیا لنجار نے دوران گفتگو اِسے قتل کیس میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا اور بتایا کہ حملے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

واضح رہے کہ نجی ٹی وی  سے وابستہ امتیاز میر گزشتہ ماہ اپنے بڑے بھائی کی گاڑی میں گھر جا رہے تھے، جب نیشنل ہائی وے پر 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔

اینکر پرسن کو متعدد گولیاں لگیں اور انہیں ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔