راجن پور میں پولیس کی بڑی کارروائی، چند روز قبل اغوا ہونے والا شہری بازیاب

Published On 28 October,2025 12:59 am

راجن پور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس نے راجن پور کے کچہ کریمنلز کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرلی۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ راجن پور پولیس نے تھانہ روجھان کے علاقہ میں چند روز قبل اغوا ہونے والا مغوی کو بحفاظت بازیاب کروا لیا، راجن پور پولیس کی جانب سے کچہ کریمنلز کے خلاف تھانہ روجھان میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

پنجاب پولیس کے ترجمان نے مزید بتایا کہ راجن پور پولیس نے کچہ کریمنلز کی جانب سے مغوی عبدالرزاق کو دوسرے مقام پر منتقل کئے جانے کی اطلاع ملنے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، پولیس اور کچہ کریمنلز کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

ترجمان کے مطابق راجن پور پولیس نے بروقت کارروائی کی، آپریشنل حکمت عملی کے نتیجے میں کچہ کریمنلز مغوی کو چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہو گئے، مغوی کی بازیابی پر اہلخانہ نے راجن پور پولیس سے اظہار تشکر کیا اور پنجاب پولیس کے حق میں نعرے بلند کئے۔

ڈی پی او راجن پور فاروق امجد نے بتایاکہ راجن پور پولیس کا کچہ کریمنلز کی گرفتاری کیلئے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے، جلد ہی ملزموں کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔