ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کے چوروں نے ایم این اے کو بھی نہ چھوڑا، ایم این اے حلقہ 151 سید علی موسیٰ گیلانی کے ساتھ چوری کی واردات کر گئے۔
پولیس نے کمال برق رفتاری سے کارروائی کر کے موبائل فون چرانے والے کو دھر لیا۔ ایم این اے علی موسیٰ گیلانی کا موبائل فون چند گھنٹے میں واپس ان کے ہاتھ میں تھما دیا۔
ملتان میں نامعلوم چور علی موسیٰ گیلانی کی جیب سے آئی فون 17چرا کر خاموشی سے فرار ہو گئے، علی موسیٰ گیلانی بستی چپرا والا میں کبڈی میچ میں چیف گیسٹ تھے، ہجوم میں موجود نامعلوم چور نے سید علی موسیٰ گیلانی کی جیب صاف کر دی اور جیب میں موجود موبائل فون لے اڑا۔
پولیس حکام نے اس واقعہ کی رپورٹ درج کر لی ہے تھانہ بدھلہ سنت کے پولیس اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کردی لیکن چور اس وقت تک اطمینان سے فرار ہو کر محفوظ مقام پر پہنچ چکے تھے۔
صرف چند گھنٹے بعد ملتان پولیس نے میڈیا کو آگاہ کیا کہ سید علی موسیٰ گیلانی کا موبائل فون چرانے والے کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ملتان پولیس کے حکام نے تصدیق کی کہ گرفتار ہونے والے ملزم سے موبائل فون برآمد کرلیا گیا، پولیس حکام نے موبائل فون سید علی موسیٰ گیلانی کو واپس کر دیا ہے۔



