سلمان خان کو سزا: نایاب ہرن کیس میں کب کیا ہوا؟

Last Updated On 05 April,2018 06:03 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو چنکارہ ہرن شکار کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے 5 سال قید کی سزا سنا دی گئی ۔ پولیس نے سلمان خان کو گرفتار کر لیا۔ اداکار سلمان خان اور دیگر سات اداکاروں پر چنکارہ ہرن کے شکار کا الزام لگایا گیا تھا جس کی پاداش میں سلمان خان اور ان کے ساتھی اداکاروں پر مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔

سلمان خان پر یہ مقدمہ اس وقت دائر کیا گیا تھا جب وہ 2005 ء میں اپنی فلم ہم ساتھ ساتھ ہیں کی شوٹنگ کے سلسلے میں جودھ پور میں تھے۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں ںے اپنے سٹاف کے ساتھ مل کر نایاب نسل کے چنکارہ ہرن کا شکار کیا تھا۔

سلمان خان نے اس الزام کی تردید کی تھی۔ سلمان خان کے ساتھ اس مقدمے میں تبو ، نیلم ، سیف علی خان ، سونالی باندرے کو بھی شریک مجرم قرار دیا گیا تھا۔ اداکار کو پانچ سال قید کے علاوہ دس ہزار روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ سلمان خان ان دنوں، فلم ’’ریس3‘‘، ’دبنگ3‘‘اور’’بھارت‘‘جیسی میگا بجٹ کی فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اوراگر سلمان خان کو جیل ہوجاتی ہے تو فلمسازوں کو تقریباً 400سے 600 کروڑکا قصان اٹھانا پڑے گا۔

     فیصلہ سامنے آنے پر سلمان خان کا کیا ردعمل تھا؟ 

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار سلمان خان اپنی بہن الویرا خان اور باڈی گارڈ شیرا کے ہمراہ جودھپور کی عدالت میں پیش ہوئے، ہائی پروفائل کیس کی بنا پر عدالت میں سکیورٹی انتہائی سخت رکھی گئی اور سینکڑوں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ عدالت کی جانب سے فیصلہ سناتے وقت سب سے پہلے سیف علی خان، تبو، سونالی باندرے اور نیلم کوٹھاری کو کیس میں بری کیا گیا جس کے بعد سلمان خان کو مجرم قرار دیا گیا۔ سلمان خان اپنی بہن الویرا خان کے ساتھ عدالت میں ہی کھڑے تھے اور جس وقت عدالت کی جانب سے سزا سنائی گئی تو انہوں نے کسی قسم کے رد عمل کا اظہار نہیں کیا اور خاموشی کے ساتھ فیصلہ سنا۔دوسری جانب کیس میں بری ہوتے ہی دیگر چاروں اداکار فوری طور پر عدالت سے روانہ ہوگئے۔ عدالتی فیصلہ سنتے ہی سلمان خان کی بہنیں ارپیتا اور الویرا رو پڑیں جس کے بعد عدالت میں جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ سماعت کے دوران جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا’’سلمان خان آج جیل کی روٹی کھائیں۔‘‘

سلمان خان کے وکلاء نے ضمانت کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔ تاہم عدالت نے آج اس کی سماعت کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد غالب امکان یہی ہے کہ بالی ووڈ اسٹار کو ایک رات جیل میں گزارنا پڑے گی۔

  نمبر ون سپر اسٹار کے لیے جیل کی بیرک نمبر ون الاٹ کردی گئی جبکہ جودھ پور سنٹرل جیل کی سیکیورٹی بھی بڑھادی گئی۔

  جودھ پور کی سینٹرل جیل میں سلمان خان کے ساتھی کونسے خطرناک مجرم ہونگے ؟

 

کچھ روز قبل سلمان خان کو قتل کی دھمکی دینے والے گینگسٹر کو پولیس نے مقامی بزنس مین کے قتل کے جرم میں گرفتار کیا ہوا ہے اور بشنوئی کا تعلق بھی اس کمیونٹی سے ہے جو سلمان خان کے کالے ہرن کے شکار کے معاملے کو سامنے لائی ہے۔ اور یہ خطرناک مجرم بھی اسی جیل میں بند ہے۔

جیل میں بھارت کے مشہور ریپ کیس کے ملزم گاڈ مین آسام رام بھی قید ہیں جن کے مقدمے کے تین گواہ مارے جاچکے ہیں اور تین اب تک لاپتہ ہیں۔

جیل میں شمبو لعل ریگر بھی قید ہے جو ایک مسلمان مزدور کو کلہاڑیوں کے وار سے قتل کرنے کے بعد بلاخوف اس کا اعتراف بھی کرچکا ہے جب کہ شمبو لعل مسلمانوں کا بھارت میں خاتمے کا بھی حامی ہے ۔

  نایاب ہرنوں کے کیس کا پس منظر

 اداکار سلمان خان سمیت نامزد دیگر اداکاروں پر الزام تھا کہ انہوں نے 1998 میں راجھستان کے گاؤں بشنوئی میں فلم  ہم ساتھ ساتھ ہیں  کی شوٹنگ کے دوران 2 نایاب کالے ہرنوں کا شکار کیا تھا۔ مقامی گاؤں کے افراد نے ہرن کے شکار پر سلمان خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرایا اور اپیل کی کہ ملزمان کو سخت سزا دی جائے۔

راجسھتان کے گاؤں بشنوئی کے لوگ کالے ہرن کی تعظیم کرتے ہیں اور انڈین وائلڈ لائف ایکٹ کے مطابق کالے ہرن کا شکار غیرقانونی ہے جس کی زیادہ سے زیادہ سزا 6 سال قید ہے۔