شیزہ بٹ پر دوبارہ قاتلانہ حملہ ، بال بال بچ گئیں

Last Updated On 09 April,2018 03:36 pm

سٹیج کی معروف رقاصہ تھیٹر سے ہوٹل جا رہی تھیں کہ راستے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی ، مقدمہ درج کر لیا گیا

لاہور (دنیا نیوز ) اداکارہ شیزہ بٹ پر نامعلوم افراد نے ایک بار پھر قاتلانہ حملہ کر دیا ، اداکارہ واقعے میں بال بال بچ گئیں، تفصیلات کے مطابق اداکارہ ڈرامہ ختم ہونے کے بعد تھیٹر سے ہوٹل جا رہی تھیں کہ راستے میں نامعلوم افراد نے گولیاں چلا دیں ، ملزم گولیاں چلانے کے بعد فرار ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور پھر غائب ہوگئے۔ پولیس نے اداکارہ کے شوہر کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ شیزہ بٹ پر گزشتہ سال بھی بھتہ نا دینے پر تھیٹر کے اندر فائرنگ کی گئی تھی۔ جبکہ چند روز قبل اداکارہ غزل راجہ نے بھی بھتہ نہ دینے پر دھکمیاں ملنے کا انکشاف کیا تھا اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس سے قبل ماضی میں بھی سٹیج اور فلم کی اداکارائوں پر قاتلانہ حملے کئے جاتے رہے ہیں۔ اس حوالے سے اداکارہ عندلیب کا نام قابل ذکر ہے جن پر ان کے دوست نے تیزاب پھینک کر جلا دیا تھا ۔ اس کے کراچی کی اداکارہ ماروی کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔ بعد ازاں اداکارہ نیناں کو بھی اسی طرح قتل کیا گیا ۔ فلم کی معروف اداکارہ اور سلطان راہی کی ہیروئن نادرہ کو بھی اسی انداز میں راستے سے ہٹایا گیا۔ اس کے بعد "ن " سے نام شروع ہونے والی کئی اداکارائوں نے جان جانے کے خوف سے نام بھی بدل لیا تھا۔

اداکارائوں پر قاتلانہ حملوں کا یہ سلسلہ اس کے بعد رکا نہیں اور آج بھی مختلف وقفوں سے جاری ہے ۔ سٹیج کی معروف اداکارہ اور ڈانسر صائمہ خان پر بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس میں ان کے دونوں گھٹنوں پر گولیاں لگیں اور وہ کچھ عرصے کیلئے فیلڈ سے کٹ ہوگئیں، سٹیج کی نامور اداکارہ نرگس اور خوشبو کے گھر پر بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ ان واقعات پر فلم اور سٹیج انڈسٹری نے شدید احتجاج کیا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔