لاہور: (دنیا نیوز) مرحوم معین بوبی کا شمار پاکستان کے مایہ ناز موسیقاروں میں ہوتا تھا، انہوں نے کئی فلموں میں یادگار گیت پیش کیے۔
پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف موسیقار معین بوبی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں، ان للہ وان الیہ راجعون۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ میں فلمی اور موسیقی کی دنیا سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے شرکت کی۔
خیال رہے کہ معین بوبی کئی لازوال گیتوں کی دھنیں ترتیب دینے والے موسیقار امجد بوبی کے بھائی تھے، انہوں نے اپنے بڑے بھائی کے ساتھ مل کر کئی فلموں کی موسیقی تخلیق کی جن میں دل کیا کرے اور شاہ جی سمیت دیگر شامل ہیں۔
امجد بوبی بھی 2005ء میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔ دونوں بھائیوں کا تعلق موسیقار گھرانے سے تھا اور دونوں مشہور میوزیشن رشید عطرے کے بھانجے تھے۔
قارئین کو یاد رہے کہ معین بوبی کے بڑے بھائی امجد بوبی کا شمار پاکستان کے لیجنڈ موسیقاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 50 سے زائد فلموں کی موسیقی دی اور بہترین کارکردگی پر متعدد ایوارڈز حاصل کئے۔
1943ء میں امرتسر میں پیدا ہونے والے امجد بوبی نے 1960ء کی دہائی میں فلم ایک نگینہ سے انڈسٹری میں قدم رکھا۔ انہوں نے اپنے 40 سالہ کیریئر کے دوران 50 سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی جن میں سرگم، گھونگھٹ، گھر کب آؤ گے، سنگم، چیف صاحب، کبھی الوداع نہ کہنا اور لازوال جیسی ہٹ فلمیں شامل ہیں۔
ان کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے ممبئی جا کر پاکستانی فلموں کے گیت ریکارڈ کئے اور جاوید شیخ کی فلم یہ دل آپ کا ہوا کیلئے بھارتی گلوکار سونو نگم اور کویتا کرشنا مورتی کی آواز میں گانے ریکارڈ کرائے۔
امجد کو 1983 اور 1997 میں نگار ایوارڈ اور 1999میں بولان ایوارڈ دیا گیا۔ وہ پندرہ اپریل 2005ء کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
(رپورٹ: مائرہ بٹ)