بابرمسیح نےقومی رینکنگ سنوکرچیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا

Last Updated On 18 September,2018 06:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بابر مسیح نے فائنل میں آصف ٹوبہ کو بیسٹ آف 15 فریمز میں 8-5 فریمز سے شکست دی۔

 پنجاب کے کیوئسٹ بابر مسیح نے تیسری قومی رینکنگ سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں محمد آصف ٹوبہ کو بیسٹ آف 15 فریمز میں زبردست مقابلے کے بعد 8-5 فریمز سے شکست دی۔ گزشتہ روز کراچی جمخانہ میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں بابر مسیح اور آصف ٹوبہ کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم قسمت نے بابر کا ساتھ دیا۔

آصف ٹوبہ نے ابتدائی دونوں فریمز 82-44 اور 69-51 سے جیت کر جاندار آغاز کیا لیکن اس کے بعد بابر مسیح نے مسلسل چار فریمز جیت کر آصف کے خلاف 2 فریمز کی برتری حاصل کر لی۔ آصف نے بھی ہمت نہ ہاری اور ساتواں اور آٹھواں فریم 98-9 اور 60-16 سے جیت کر مقابلہ 4-4 سے برابر کر دیا۔نویں فریم میں بابر نے 111-8 سے کامیابی حاصل کر کے آصف کے خلاف برتری حاصل کی لیکن آصف نے دسواں فریم 88-26 سے جیت کر مقابلہ دوبارہ برابر کر دیا۔

اس کے بعد بابر مسیح چھائے رہے اور انہوں نے مسلسل 3 فریمز 107-27، 62-35 اور 52-7 سے جیت کر میچ میں 8-5 فریمز سے کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔