لاہور: (روزنامہ دنیا) ہالی وڈ پر راج کرنیوالی مارلن منرو کی نایاب تصاویر کو نیلام کیا جائیگا۔ ان میں ایک تصویر اداکارہ کے جوانی کے دور کی ہے جس میں وہ عروسی جوڑے میں ملبوس ہیں۔
چکا چوند کر دینے والی خوبصورت ادا اور مسکراہٹ کیساتھ مارلن نے ہاتھ میں پکڑی ایک مذہبی کتاب کو سینے سے لگایا ہوا ہے۔ مارلن منرو کا اصل نام نورما یان ڈوگرٹی تھا تاہم فلموں میں قدم رکھنے کے بعد انہوں نے اپنا نام تبدیل کیا۔
معروف فوٹو گرافر رچرڈ سی ملر نے مارلن کی خوبصورت اداؤں کو کیمرے کی آنکھ سے قید کیا۔ فوٹو گرافر رچرڈ کے مطابق یہ تصاویر لیتے وقت انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ایک ایسا وقت بھی آئیگا کہ وہ اتنی مشہور ہو جائینگی۔ یہ تصاویر اس وقت لی گئیں جب وہ 19 سال کی تھیں انہیں اگلے ماہ 7 اکتوبر کو نیلامی کیلئے پیش کیا جائیگا جس میں مارلن کے ہاتھوں میں تھامی گئی مذہبی کتاب کی تصویر بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق مارلن کی یہ نایاب تصاویر 80,000 امریکی ڈالر میں فروخت ہونے کا امکان ہے۔ تصاویر کو سینٹا مونیکا میں نیلامی کیلئے پیش کیا جائیگا۔