لاہور: (روزنامہ دنیا) فلمساز و لکھاری سید نور کا کہنا ہے کہ بھلے ہی پاکستانی فلم انڈسٹری دوبارہ بہتری کی جانب گامزن ہو رہی ہے لیکن اس کے باوجود اس وقت کم سے کم تین ایسے طاقتور سٹارز کا موجود ہونا بیحد ضروری ہے جو فلمسازی کو مزید بہتر کرسکیں۔ نوجوان فلمسازوں کو پاکستانی ثقافت پروموٹ کرنی چاہیے۔
ایک ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے سید نور کا کہنا تھا سینما گھروں کی خراب صورتحال کی وجہ سے فیملیز نے یہاں آنا چھوڑ دیا، ہمایوں سعید کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا وہ اپنی فلموں کے حوالے سے کافی پرجوش نظر آتے ہیں، ہمایوں سعید نے اپنے ٹی وی کیریئر کو خیرباد کہہ کر فلمی اداکار بننے کا فیصلہ کیا اور آج ان کی فلمیں سب سے بہترین نظر آتی ہیں۔
سید نور کا ماننا ہے کہ ہمایوں سعید، فواد خان اور احسن خان وہ تین اداکار ہیں جو اس وقت باقی سب سے بہتر پرفارم کر رہے ہیں لیکن ان میں سٹار پاور کی کمی نظر آتی ہے، ہمیں وحید مراد، محمد علی، ندیم، شان، معمر رانا، غلام محی الدین اور شاہد جیسے سٹارز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نوجوان فلمسازوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا انہیں اپنے سینما سے نفرت ہے اور یہ بھارتی سینما کو فالو کرتے ہیں، نوجوان فلمسازوں کو اپنی ثقافت کو پروموٹ کرنا چاہیے۔