فخر عالم روس میں زیر حراست، دفتر خارجہ نے نوٹس لے لیا

Last Updated On 29 October,2018 04:31 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) مشن پرواز کے سلسلے میں دنیا کا چکر لگانے والے فخر عالم کو روس میں گرفتار کر لیا گیا ہے، دفتر خارجہ نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے روسی حکام سے رابطہ کر لیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو میں پاکستانی سفیر کی فخر عالم سے بات ہو گئی ہے، پاکستانی سفیر روس کے مقامی حکام سے بھی رابطے میں ہیں، امید ہے فخر عالم کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔

اس سے قبل گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی فخر عالم کی روس میں حراست کی اطلاعات پر وزارت خارجہ سے رابطہ کر کے انھیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ روس میں پاکستانی سفارتخانہ ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے، انھیں امید ہے کہ فخر عالم کا مشن جاری رہے گا۔

اطلاعات ہیں کہ مشن پرواز پر مختلف ممالک کے چکر لگانے والے پاکستانی فنکار فخر عالم روس میں زیر حراست ہیں۔ انہوں نے معاملے کے فوری حل
کیلئے پاکستانی حکومت سے مدد کی اپیل کی تھی۔
 

 

فخر عالم کا یہ پیغام اداکار فیصل قریشی نے حکومت تک پہنچایا۔ انہوں نے ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ پاکستانی حکومت کا شکریہ، وہ روسی سفارت خانے سے رابطے میں ہیں اور فخر عالم کے ویزا کے معاملے سے متعلق اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے فخر عالم ویزا ختم ہونے کی وجہ سے روس کے ایک ائیرپورٹ پر زیر حراست ہیں، ان کا موبائل فون بھی ائیرپورٹ انتظامیہ کے قبضے میں ہے۔ انہوں نے پاکستانی حکومت سے اپیل کی ہے۔