19 سال کی عمر میں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا: لیڈی گاگا

Last Updated On 30 November,2018 03:55 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا نے انکشاف کیا ہے کہ انھیں موسیقی کے شعبے میں مسلسل جنسی ہراسگی کا سامنا رہا۔ 19 سال کی عمر میں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جس کے باعث ڈپریشن کا شکار رہی۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ اس ناپسندیدہ فعل کو اصول سمجھا جاتا تھا اور کوئی بھی انہیں تحفظ فراہم کرنے کے لیے تیار نہیں تھا۔ انہوں نے کہا  جب میں نے موسیقی کا کیرئیر کا آغاز کیا تو میں 19 سال کی تھی، اس وقت اس بزنس میں جنسی ہراساں کرنا استثنیٰ نہیں بلکہ اصول تھا، جب آپ کسی ریکارڈنگ سٹوڈیو میں جاتے تو وہاں آپ کو ہراساں کیا جاتا ۔

لیڈی گاگا کا کہنا تھا  ایسا ہی ہوتا تھا، تو میری خواہش ہے کہ میں کافی پہلے اس پر آواز اٹھاتی، میں نے بات کی تھی اور نوجوانی میں میرا ریپ کیا گیا اور میں نے لوگوں کو بتایا بھی ۔ انہوں نے کہا کہ جنسی حملے کے خلاف آواز تو بلند کی مگر  بوائز کلب  کلچر حملہ آوروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے سے روکتا تھا۔

ان کے بقول   کوئی بھی اپنی طاقت کھونا نہیں چاہتا، تو وہ آپ کو اس لیے تحفظ فراہم نہیں کرتے کہ انہیں ہمدردی ہے بلکہ ایسا ہونے سے ان کی طاقت چھن جاتی تھی، میں توقع کرتی ہوں کہ اس بارے میں خواتین کی آواز ایک جگہ جمع ہو گی اور جنسی حملوں اور یکساں معاوضے جیسے معاملات کو اس تحریک میں دیکھا جائے گا ۔

وہ ماضی میں تسلیم کرچکی ہیں کہ ریپ کا نشانہ بننے کے بعد وہ ڈپریشن کا شکار رہی تھیں۔ گلوکارہ نے کہا   می ٹو تحریک کی بدولت ہم دیکھ رہے ہیں کہ مرد ہمارے موقف کے لیے کھڑے ہو رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم آپ کی آوازیں سننا چاہتے ہیں جو کہ انتہائی زبردست ہے ۔