ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا میں افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ شاہد کپور معدے کے کینسر میں مبتلا ہیں اور انہیں سٹیج ون کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔ گزشتہ روز میڈیا میں یہ خبریں بھی گردش کر رہی تھیں شاہد کپور فلم کبیر سنگھ کی شوٹنگ ادھوری چھوڑ کر سرجری کرانے دہلی روانہ ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اگرچہ شاہد کپور کے خاندان کے افراد نے ان خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ان پر تعجب کا اظہار بھی کیا ہے، تاہم اب خود اداکار نے اس پر خاموشی توڑ دی۔شاہد کپور نے اپنی مختصر ٹوئیٹ میں کینسر کی خبر کو جھوٹا قرار دیا اور کہا کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں۔ ساتھ ہی اداکار نے مداحوں سے گزارش کی کہ وہ ایسی خبروں پر یقین نہ کریں۔
Guys I’m totally fine pl don’t believe random stuff.
— Shahid Kapoor (@shahidkapoor) December 10, 2018
اداکار شاہد کپور نے حال ہی میں اپنی اہلیہ میرا راجپوت کے ساتھ ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں وہ دونوں خوشگوار موسم کو انجوائے کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں اور بالکل صحت مند ہیں۔
رواں برس سب سے پہلے ورسٹائل اداکار عرفان کان نیورو اینڈو کرائن ٹیومر میں مبتلا ہوئے تھے، جن کا علاج لندن میں جاری ہے اور اطلاعات ہیں کہ ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔ عرفان خان کے بعد اداکارہ سونالی باندرے بھی کینسر کا شکار ہوگئی تھیں اور وہ علاج کے لیے امریکا منتقل ہوگئی تھیں، تاہم چند دن قبل ہی وہ علاج کروانے کے بعد بھارت پہنچیں۔ان کے بعد اداکار رشی کپور کے حوالے سے بھی خبریں آئیں کہ انہیں کینسر لاحق ہوگیا اور وہ علاج کے لیے امریکا منتقل ہوگئے۔اگرچہ تاحال رشی کپور اور ان کے خاندان نے کینسر کی تصدیق نہیں کی، تاہم وہ علاج کے لیے امریکا میں مقیم ہیں۔
ان کے بعد اداکار آیوشمن کھرانہ کی اہلیہ اور بولی وڈ فلموں کی لکھاری طاہرہ کشیپ کو بریسٹ کینسر تشخیص ہوا اور انہوں نے سرجری بھی کرائی، تاہم بعد ازاں خبر آئی کہ ان کا کینسر مزید بڑھ گیا۔ان کے بعد اداکارہ نفیسہ علی نے بھی خود اعتراف کیا کہ انہیں کینسر تشخیص ہوا ہے اور اب ان کا علاج ہوگا۔