لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ ژالے سرحدی نئی ڈرامہ سیریل ’قسمت‘ کی ریکارڈنگ میں مصروف ہیں جو تیزی سے تکمیل کے آخری مراحل کی طرف بڑھ رہی ہے۔
اداکارہ ژالے سرحدی نئی سیریل ’’قسمت‘‘ کی کامیابی کے بارے میں پر امید ہیں اور کہتی ہیں کہ ‘قسمت’ میں ‘مہرین’ نامی ایک ایسی عورت کا کردار نبھا رہی ہوں جس کا تعلق مڈل کلاس گھرانے سے ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا کردار اپنی شادی شدہ زندگی اور ماں بننے کے سفر میں مسائل کا شکار رہے گا اور یہی چیز ڈرامے کی کہانی کو آگے لے کر جائے گی وہ اپنے پیار کے لیے لڑے گی، یہ ڈرامہ ایک دھوکا دینے کی کہانی پر مبنی ہوگا۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ خواتین خود کو ان کے اس کردار سے جوڑیں گی کیونکہ زیادہ تر خواتین ایسے مسائل میں گرفتار ہو کر خود سے نفرت کرنا شروع کر دیتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈرامے کے پروڈیوسر اعجاز اسلم ہیں، کہانی سلمیٰ یونس نے تحریر کی ہے جبکہ مصور خان اس کی ہدایات دے رہے ہیں۔ میں اعجاز اسلم کے ساتھ اس سے قبل کئی پروجیکٹس میں کام کرچکی ہوں لیکن میرا پہلا پروجیکٹ ہوگا جو ان کی پروڈکشن میں بن رہا ہے۔
ژالے سرحدی کا مزید کہنا تھاکہ ڈرامے میں اعجاز اسلم، مریم، فراز فاروقی، رانا شبیر، طارق جمیل، روبینہ عارف، حمیرا زاہد اور صباحت بخاری جیسے نامور اداکار کام کررہے ہیں۔