لاہور: (ویب ڈیسک) سینئر اداکار عابد علی کی بیٹی راحمہ علی کا کہنا ہے کہ میرے والد کے انتقال کی خبریں درست نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر رات گئے سے افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ اداکار عابد علی چل بسے ہیں جسکی تردید کرتے ہوئے سینئر اداکار کی بیٹی راحمہ علی نے درخواست کی کہ جھوٹی خبریں نہ چلائیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے سب کو آگاہ کیا کہ میرے والد عابد علی حیات ہیں اور انشاءاللہ رہیں گے اور اس وقت مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ افواہوں پر درخواست ہے کہ غلط خبریں نہ چلائیں جب تک میرے والد زندہ ہیں انہیں رہنے دیں۔
یہ بھی پڑھیں: سینئر اداکار عابد علی کی حالت تاحال تشویشناک
یاد رہے کہ چند روز قبل جگر کے عارضے میں مبتلا اداکار عابد علی کو ڈاکٹروں نے جواب دے دیا۔ عابد علی کی بیٹیوں نے قوم سے دعاؤں کے اپیل کر دی۔ عابد علی کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ان کی فیملی نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔ راحمہ علی کے سوشل میڈیا سٹیٹس کے مطابق عابد علی کی بیماری بڑھتی چلی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں نے بھی امید چھوڑ دی ہے جبکہ ملاقات پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ٹیلی ویژن نگری میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار عابد علی 1952ء میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ ان کی عمر 67 برس ہے۔ اداکار نے سینکڑوں ٹیلی ویژن ڈراموں اور درجنوں فلموں میں کام کیا اور اپنی الگ پہچان بنائی۔
ان کی تین بیٹیاں ہیں۔ بڑی بیٹی ٹاپ ماڈل اور اداکارہ بیٹی ایمان علی نے بھی مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔