لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی سیشن عدالت نے اداکارہ اور ماڈل میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوے پر علی ظفر کی ایک گواہ پر جرح مکمل کرلی۔
دنیا نیوز کے مطابق گلوکارہ میشاشفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کی سماعت کےلیے گلوکار علی ظفر سیشن کورٹ پیش ہوئے، دوران سماعت میشا شفیع کے وکیل نے گلوکار علی ظفر کی گواہ سارہ رحمان کے بیان پر جرح مکمل کرلی،علی ظفر نے عدالت سے استدعا کی وہ یورپ سے صرف کیس کی تاریخ کے لیے واپس آئے ہیں لہٰذا عدالت اج ہی ان کے بیان پر بھی جرح شروع کرنے کا حکم دے۔
گلوکارہ میشا شفیع کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ علی ظفر کے بیان جرح کیلئے تیاری کرنا ہے، لہٰذا عدالت اج کیس کی سماعت ملتوی کرے، دوران سماعت علی ظفر غصے میں آ گئے اور بیان دیا کہ ڈیرھ سال سے انصاف مانگ رہا ہوں، یورپ سے چھٹی لیکر آیا صرف کیس کےلیے آیا ہوں، میشا شفیع کے وکیل پہلے بھی 8 بار تاریخیں لے چکے ہیں۔
علی ظفر کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح تو میرا کیس 2 سال تک لٹکا رہے گا، ان کا پلان ہے کہ کیس کو التوا میں رکھا جائے۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر میشا شفیع کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے علی ظفر کے بیان پر جرح کیلئے تیاری کا وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 19ستمبر تک ملتوی کردی۔
گلوکار علی ظفر نے جنسی ہراسگی کے الزامات لگانے پر میشا شفیع کے خلاف ایک ارب ہرجانے کا دعوا دائر کررکھا ہے۔