لاہور: (دنیا نیوز) سیشن عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کو جیل میں گھر کا کھانا دینے کی پر درخواست پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
سیشن جج لاہور قیصر نذیر بٹ نے رانا ثناء اللہ کی درخواست پر سماعت کی۔ سابق صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے وکلا نے موقف اختیار کیا تھا کہ رانا ثناءاللہ دل کے مریض ہیں لہذا انکو جیل میں گھر کا پرہیزی کھانا دیا جائے۔
دوران سماعت عدالتی حکم پر ایم ایس انسٹیوٹ اف کارڈیالوجی نے بھی اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی تھی جس کے بعد عدالت رانا ثناء اللہ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
سیشن عدالت نے رانا ثنااللہ کی جانب سے گھر کا کھانا فراہم کرنے کی درخواست نمٹاتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ کو میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔