لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ڈراموں کے معروف اداکار نعمان اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ اداکاری کے باوجود شادی کے لیے سسرال والوں کی شرط پر نوکری کرنی پڑی۔
ایک ٹاک شو میں انٹرویو کے دوران اداکار کا کہنا تھا کہ مجھے شروع میں اپنے سسر والوں کو منانے میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ہمارے معاشرے میں یہ المیہ ہے لوگ اداکارسے ہاتھ ملانے اور ساتھ کھانا کھانے میں فخر محسوس کرتے ہیں تاہم انہیں رشتے داری کے لیے بہت مشکل سے قبول کرتے ہیں لوگ سوچتے ہیں کہ لڑکا اداکارہے لیکن کرتا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ اداکاری کو پیشے کے طورپرنہیں مانتے شادی کے لئے مجھے نوکری تک تلاش کرنی پڑی کیونکہ سسرال والوں کی شرط تھی کہ جب تک کوئی نوکری یا کام نہیں کروگے شادی نہیں ہوگی۔
نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ نوکری بھی میں اس وقت ڈھونڈ رہا تھا جب دشت کے نام سے سیریل کامیاب ہوا تھا۔ لوگ پہچانتے تھے اور سوٹ پہن کر نوکری مانگ رہا تھا۔ لوگ نوکری کے حوالے سے باتیں چھوڑ کر مجھ سے بچوں کے لیے آٹوگراف مانگتے اور کہتے تھے کہ آپ تو سپر سٹارہیں آپ کو نوکری کی کیا ضرورت ہے؟