کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان کے سینما گھروں اور کیبلز پر بھارتی فلموں اور ڈراموں کی نشریات پر پابندی کے بعد بھارتی فلموں کی ویڈیوز ریلیز کرنے کا غیرقانونی کاروبار پھر چمک اٹھا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کے فیصلے پر سینما مالکان ڈٹے ہوئے ہیں اور نقصان بھی برداشت کر رہے ہیں جبکہ کیبلز پربھی کوئی بھارتی فلم یاڈرامہ نہیں دکھایا جارہا البتہ ویڈیو ڈیلرز نے خفیہ طور پر بھارتی فلموں کو گھر گھر پہنچا دیا ہے۔ ان بھارتی فلموں کی سی ڈیز کی گلی محلوں اور پوش علاقوں میں کھلے عام فروخت ہو رہی ہیں بلکہ کرائے پر بھی فراہم کی جارہی ہیں۔
کراچی میں اس وقت ہزاروں ویڈیو شاپس ہیں جن پر کھلے عام نئی اور پرانی بھارتی فلمیں اور گیتوں کی سی ڈیز مل جاتی ہیں۔ حب الوطنی سے سرشار ثقافتی شخصیات تنویر آفریدی، اسلم شیخ، فیصل قریشی، اعجاز اسلم، صبا قمر، یاسر حسین، یاسر شکیل ، بشیر دانہ والا،سہیل کاشمیری، کبیر مغل اور دیگر کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد ہیں، ان کی فلموں و ڈراموں پر پابندی کے باوجود ویڈیو شاپس پر کھلے عام نئی فلمیں و ڈرامے فروخت ہونا کسی المیہ سے کم نہیں، ارباب اقتدار کو ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے۔