لیجنڈ اداکار دیو آنند نے مجھے فلم میں کام کرنیکی پیشکش کی تھی: عمران خان

Last Updated On 02 January,2020 05:38 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ایک پرانی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، یہ ویڈیو پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور موجودہ وزیراعظم عمران خان کے بارے میں ہے، عمران خان ایک بھارتی ٹی وی شو میں موجود ہیں جہاں انہوں نے بتایا کہ انہیں سابق لیجنڈ اداکار دیو آنند نے فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں ایچ کے سائنٹسٹ نامی شہری نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موجودہ وزیراعظم عمران خان ایک بھارتی ٹی وی شو میں موجود ہیں۔

عمران خان اس ٹی وی شو میں ایک سوال کے جواب میں بتا رہے ہیں کہ آپ لوگوں کو یقین نہیں آئے گا، میں برطانیہ میں موجود تھا، جہاں پر سابق لیجنڈ اداکار دیو آنند نے مجھے ایک فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن میں یہ آفر سن کر حیران رہ گیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب عمران خان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ آپ نے فلم میں کام کرنے کیوں انکار کیا، اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں کسی کا نام نہیں لینا چاہتا کہ کس شخص نے مجھے فلم کی آفر کی تھی۔

تاہم اس دوران بھارتی شو میں موجود صحافی کی طرف سے زورڈال کر نام پوچھا گیا تو موجودہ وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ وہ لیجنڈ اداکار دیو آنند تھے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ بہت زیادہ حیران کن تھا، کیونکہ یہ اس وقت کی بات ہے جب میں ایک پروفیشنل کرکٹر تھا، اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں اداکاری نہیں کر سکتا اور یہ میرے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا تھا۔

ایک بھارتی ڈائریکٹر اسماعیل مرچنٹ نے بھی مجھ سے ایک بار پوچھا تھا کہ میری فلم میں کردار ادا کریں، لیکن ایک مرتبہ پھر حیرت زدہ ہو گیا۔ کیونکہ میں اداکاری نہیں کر سکتا۔