لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی مشہور ہدایتکارہ اور سینئر ترین اداکارہ سنگیتا نے ایک انٹرویو کے دوران ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی وی شو میں اداکاراؤں کے مختصر لباس پہننا مجھے اچھا نہیں لگتا۔
نجی ٹی وی کو ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ سے سوال کیا گیا جس کے جواب میں سنگیتا کا کہنا تھا کہ جب میں پاکستانی ایوارڈ شو میں نوجوان اداکاراؤں کو دیکھتی ہوں تو مجھے بہت عجیب محسوس ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کی اداکاراؤں کو دیکھ کر میں سوچتی ہوں کہ آپ ہالی ووڈ کی نقل کیوں کر رہی ہیں؟۔ میں پاکستانی اداکاراؤں کو کہتی ہوں اپنی ثقافت کو اپنائیں اور پاکستانی طرزِ لباس استعمال کریں۔
سینئر اداکارہ سنگیتا نے اداکاراؤں کو مزید کہا کہ اگر آپ چوڑی دار پجامہ، شلوار قمیض، لمبی فراک اور بڑے دوپٹے پہنیں تو دیکھیں کہ آپ کتنی حسین لگیں گی۔
سینئر اداکارہ نے پاکستانی اداکاراؤں کے لباس پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستانی طرز کے لباس پہننے کے بجائے چھوٹی چھوٹی اور نامناسب میکسیاں پہن کر آتی ہیں جو بالکل اچھا نہیں لگتا۔
یاد رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری میں جب بھی کوئی ایوارڈ شو کی تقریب منعقد ہوئی تو متعدد اداکاراؤں کو مغربی طرز کے لباس میں ہی دیکھا گیا جب کہ بے حد کم پاکستانی اداکاراؤں کو روایتی پاکستانی لباس میں دیکھا گیا ہوگا۔