لاہور: (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ پر سات دہائیوں تک راج کرنے والے مشہور اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر کرک ڈوگلس انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق کرک ڈوگلس نے سٹیج اداکاری کے ساتھ ساتھ بڑی سکرین پر بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جس میں اُن کی مشہور ٹی وی سیریز ’سپارٹکَس‘ بھی شامل ہے جس میں انہوں نے بہترین کردار ادا کر کے لوگوں کو بہت متاثر کیا۔
1916 میں پیدا ہونے والے کرک ڈوگلس نے ہالی وڈ کی کئی سپر ہٹ فلموں میں کردار نبھائے اور 1949ء میں پہلی بار ان کی فلم ’چیمپئن‘ آسکر ایوارڈ کے لئے نامزد ہوئی۔
103 برس کی عمر میں انتقال کرنے والے کرک ڈوگلس نے اپنے پورے فنی کیرئیر کے دوران 100 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
کرک ڈوگلس کے بیٹے اور مشہور فلم ڈائریکٹر مائیکل ڈوگلس نے اپنے والد کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد پوری دنیا کے لیے تو وہ ایک سنہرے دور کے لیجنڈ تھے مگر وہ ہم بھائیوں جوئل اور پیٹر کے لیے صرف ایک باپ تھے، میں اپنے والد سے بہت محبت کرتا ہوں اور مجھے کرک ڈوگلس کا بیٹا ہونے پر فخر ہے۔
واضح رہے کہ اُن کے بیٹے مائیکل ڈوگلس بھی اپنی بہترین اداکاری کی وجہ سے آسکر ایوارڈ جیت چکے ہیں۔