لاہور: (دنیا نیوز) معروف اداکار و کامیڈین عمرشریف کی صاحبزادی حرا عمر کی نمازجنازہ لاہور میں ادا کی گئی، فنون لطیفہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق اداکار عمرشریف کی اکلوتی صاحبزادی حراعمر دور وز قبل انتقال کرگئی تھی وہ طویل عرصہ سے گردوں کے عارضہ میں مبتلا تھی۔ حراعمر کی تدفین اداکار عمرشریف کے امریکا سے گزشتہ شب پاکستان پہنچنے کے بعد کی گئی۔
اس موقع پر ان کے اہل خانہ کے علاوہ فلمسٹار غلام محی الدین، وارث بیگ، جان ریمبو، کامران لاشاری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات موجود تھیں۔
اداکار عمر شریف اکلوتی بیٹی کے انتقال پر غم سے نڈھال تھے جبکہ انہوں نے اپنے تمام ملکی اور غیر ملکی شوز منسوخ کر دیئے ہیں۔
دوسری طرف حرا عمر کی موت کے حوالے سے نئی پیش رفت سامنے آ گئی۔ حرا عمر کی ہلاکت کے معاملے پر تحقیقات جاری ہیں۔ پی ہوٹا کی جانب سے ڈاکٹر فواد ممتاز کیخلاف ایف آئی اے کومقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست دے دی۔ پی ہوٹا کے ویجی لینس آفیسر فہیم مرزا نے ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دی۔
پی ہوٹا کے لیگل ایڈوائزر عمران احمد کی جانب سے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا گیا۔ ایف آئی اے کولکھے خط میں ڈاکٹر فواد کے سابق کیسز کی تفصیلات بھی درج ہیں۔
حرا عمر کی ہلاکت کے ذمہ دار ڈاکٹر فواد کو 12 روز قبل گرفتار کیا گیا تھا۔ فیصل آباد پولیس نے ڈاکٹر فواد ممتاز کو 7 فروری کو گرفتار کیا۔ گرفتاری کے دوران پی ہوٹا نے فیصل آباد پولیس چیف آفیسر کو خط لکھا۔ پی ہوٹا نے فیصل آباد پولیس کو ڈاکٹر فواد کے ملٹی پل کیسز بارے بھی آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق پی ہوٹا خط کے باوجود فیصل آباد پولیس نے مبینہ طور پرساز باز کر کے ڈاکٹر فواد ممتاز کو چھوڑا دیا تھا۔