لاہور: (روزنامہ دنیا) پولیس نے سٹیج اداکارہ ہنی شہزادی کے گھر پر چھاپہ مار کر تاش پر جوا کروا نے والے بدنام زمانہ قمار باز اسلم ڈوگر سمیت 12 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔
جوہر ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر اداکارہ ہنی شہزادی کے گھر چھاپہ مارا ، ملزموں کے قبضہ سے داؤ پر لگی لاکھوں روپے کی نقدی، موبائل فون اور دیگر سامان برآمد ہوا، جبکہ ملزموں نے شدید مزاحمت اور ہاتھا پائی کر کے اشتہاری آصف کو فرار کرا دیا۔
ایس پی صدر ڈویژن غضنفر علی شاہ کا کہنا تھا ملزموں سے 13 موبائل فون اور داؤ پر لگی 483880 روپے کی رقم برآمد کر کے قمار بازی ایکٹ، پولیس سے مزاحمت، قتل کے اشتہاری ملزم کو فرار کروانے اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جوا کروانے والا اسلم ڈوگر سٹیج اداکارہ ہنی شہزادی کا شوہر ہے۔ سی سی پی او لاہور نے ملزموں کی گرفتاری پر ایس ایچ او جوہر ٹاؤن اور ٹیم کو شاباش دی۔