لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم غریب، بے سہارا اور نچلے طبقے کا درد سمجھتے ہیں، صحت انصاف کارڈ، احساس پروگرام، انصاف امداد پروگرام نچلے طبقے کو ریلیف دے رہے ہیں۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا تعمیراتی سیکٹر کی بحالی کے ریلیف پیکج سے مزدور طبقہ براہِ راست مستفید ہو گا، اس ریلیف پیکج سے معاشی سرگرمیوں کی بحالی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے، پنجاب میں انصاف امداد پروگرام کے تحت ایک لاکھ 70 ہزار مستحقین کو مالی امداد دی گئی ہے، اب تک تقریباً 150 کروڑ روپے مستحق افراد میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کرونا کی وجہ سے ملکی معیشت کو دھچکا لگا ہے، اس کے باوجود وزیرِ اعظم عمران خان معیشت کا پہیہ چلائے رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔