لاہور: (روزنامہ دنیا) پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور گلوکار ہارون نے لاک ڈاؤن کے باعث خاموشی سے شادی کر لی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 47 سالہ ہارون نے فروا نامی لڑکی سے شادی کی، شادی کی تقریب کا اہتمام گھر میں ہی کیا گیا تھا جس میں قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔ اسلام آباد میں سادگی سے منعقد کی گئی شادی کی تقریب میں دولہا دلہن نے ایک رنگ کا لباس زیب تن کیا۔
ہارون نے گولڈن ویسٹ کوٹ کے نیچے سفید کُرتا پاجامہ زیب تن کر رکھا تھا جبکہ دلہن نے گولڈن فراک کے اوپر ہم رنگ دوپٹہ اوڑھ رکھا تھا جو ان پر خوب جچ رہا تھا۔ دلہن کا میک اپ بھی سادگی کا شاہکار تھا جبکہ جیولری بھی صرف پھولوں پر مشتمل تھی۔
واضح رہے کہ نئے نویلے جوڑے کو مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کے ڈھیروں پیغامات موصول ہو رہے ہیں جن میں دونوں کیلئے نیک تمناوں اور خوشیوں کا اظہار کیا گیا ہے۔