اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہر اقتدار میں ثقافتی و سماجی سرگرمیاں بھی کورونا وباء کے باعث ماند پڑ گئیں۔ شہریوں کو محفوظ ماحول میں آرٹ اور ثقافت کے رنگوں سے جڑے رکھنے کے لیے پاکستان نیشنل کونس آف آرٹس نے ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا۔
کورونا وباء کے باوجود ثقافتی رنگ کسی نہ کسی طرح بکھرتے رہیں، پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس آرٹ نے آن لائن تقریبات شروع کر دیں، بچوں کی تفریح کے لیے آن لائن پپٹ شو کی سیریز شروع کی گئی ہے تو چاروں صوبوں کے سازندوں اور موسیقاروں کے پروگرامز بھی شہریوں کی تفریح کا ذریعہ بن رہے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے ڈاکٹر فوزیہ سعید کے مطابق ان سرگرمیوں کا مقصد جہاں ثقافتی رنگوں کو زندہ رکھنا ہے وہیں چاہتے ہیں کہ فنکاروں کے چولہے بھی جلتے رہیں۔ پی این سی اے میں آن لائن ڈرائنگ ، خطاطی، ڈانس، گٹار اور رباب کی کلاسز سمیت ورچوئل نمائش کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔