کراچی: (دنیا نیوز) حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو بیساکھی چاہیے، وہ مولانا فضل الرحمان کے کندھے پر سوار ہو کر اسلام آباد جانا چاہتے ہیں، مائنس ون ہوگا نہ ٹو، اب سب 420 مائنس ہوں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سندھ حکومت عوامی مسائل حل کرنے کیلئے کچھ نہیں کر رہی، ایک چھوٹے ماہی گیر کی بوٹ کو سمندرمیں جانے کی اجازت نہیں، ان کی ڈالروں سے بھری بڑی لانچیں سمندر میں جاسکتی ہیں، ماہی گیروں کے مسائل کے حل پر توجہ نہیں دی جا رہی، بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس میں محرومی عیاں تھی۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کل بلاول بھٹو نے کہا اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی کو چھیڑا گیا تو اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے، آپ کو بیساکھی چاہیے، آپ کی ٹانگوں میں جان نہیں کہ مارچ کرسکیں، مولانا فضل الرحمان کی بلاول بھٹو سے دھرنے کی ڈیل ہوئی، وہ دھرنے کیلئے مدارس کے بچوں کا استعمال کرتے ہیں، پیپلزپارٹی کی کرپشن کیخلاف لاڑکانہ سے تحریک چلائیں گے۔