اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم عمران خان نے منظوری دے دی۔ دوسرے مرحلے کیلئے مارک اپ 6 سے کم کر کے 3 فیصد کر دیا گیا۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نوجوان کاروبار کیلئے ایک لاکھ سے ڈھائی کروڑ تک کا قرض لے سکیں گے، بنا گارنٹی قرض کی حد بھی 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کر دی گئی، ملک بھر کے تمام اسلامی بینکس بھی پروگرام میں شامل ہوں گے، سٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام کمرشل بینکوں کو مراسلہ جاری کر دیا، فیصلہ کورونا کے باعث معیشت کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر کیا گیا۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا جو نوجوان مالی مشکلات کا شکار ہیں وہ اس پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، نوجوان صرف کاروبار کا منصوبہ بنائیں، حکومت بغیر گارنٹی کے قرض دے گی۔