اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے کابینہ کی نجکاری کمیٹی میں وزیراعظم کے خصوصی مشیروں کی شمولیت کے خلاف کیس میں وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں کابینہ کی نجکاری کمیٹی میں وزیراعظم کے خصوصی مشیروں کی شمولیت کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ وکیل بیرسٹر محسن شاہ نواز نے کہا کابینہ کمیٹی کے ممبران کا پارلیمنٹ کا ممبر ہونا ضروری ہے، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کمیٹی کا ممبر بننا اور چئیرمین بننا غیر قانونی ہے۔
وکیل بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کمیٹی میں تین ممبران قومی اسمبلی کے ممبر نہیں، کابینہ کا ممبر 2 حلف اٹھاتا ہے لیکن مشیر کا صرف نوٹیفکیشن ہوتا ہے، مشیر آئین کے تحت حلف نہیں اٹھاتے اس لیے آئین، جمہوریت کے محافظ نہیں ہوتے، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری میں مشیروں کو شامل کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔