لاہور: (ویب ڈیسک) اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز ارطغرل غازی میں بہادر جنگجو ’ارطغرل‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے ترک اداکار انجن التان کی جانب سے کینسر کے مریضوں کے لیے مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر انجن التان نے ترک کینسر سوسائٹی کے ساتھ ملکر شروع کی جانے والی مہم کے پوسٹر کی تصویر شیئر کی جس کیساتھ اُنہوں نے مداحوں کو اِس مہم کی تفصیل سے آگاہ بھی کیا۔
انجن التان نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں بتایا کہ رواں سال اُنہوں نے اپنی سالگرہ کے موقع پر ترک کینسر سوسائٹی کے ساتھ ملکر ایک مہم شروع کی ہے۔
ترک اداکارہ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ اس مرتبہ میرے عزیز و اقارب مجھے سالگرہ پر تحائف دینے کے بجائے عطیہ دیں تاکہ ہم اُن پیسوں سے کینسر کے مریضوں کا علاج کرواسکیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ مہم 26 جولائی تک جاری رہے گی، اس لیے صاحب استطاعت افراد جتنا زیادہ ہوسکے عطیہ کریں۔
انجن التان نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ایک لنک بھی شیئر کی جہاں کینسر کے مریضوں کے لیے عطیہ جمع کروایا جاسکتا ہے۔
ترک اداکار نے اپنے انسٹاگرام پر ایک گھنٹہ قبل یہ پوسٹ شیئر کی ہے جسے اب تک 92 ہزار سے زائد صارفین لائک کرچکے ہیں جبکہ صارفین کی جانب سے اُن کے اس نیک اقدام کو بھی خوب سراہا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ انجن التان 26 جولائی 1979 کو ترکی کے شہر ازمیر میں پیدا ہوئے تھے۔