ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ سے ایک افسوسناک خبر ہے کہ منا بھائی ایم بی بی ایس، کھل نائیک اور واستوو جیسی شہرہ آفاق فلموں کے اداکار سنجے دت کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
خبریں ہیں کہ سنجے دت کو علاج کیلئے فوری طور پر امریکا لے جانے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق انھیں پھپھڑوں کا کینسر لاحق ہے۔ سنجے دت کے انتہائی قریبی دوست نے میڈٰیا کو بتایا کہ ان کے اہلخانہ ان دنوں دبئی میں رہائش پذیر ہیں۔
دوسری جانب سنجے دت نے خود ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ وہ میڈیکل ٹریٹمنٹ کی غرض سے اپنے کام سے کچھ عرصہ کیلئے دوری اختیار کر رہے ہیں۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں یہ تو نہیں بتایا کہ انھیں کیا بیماری لاحق ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس وقت میرے اہلخانہ اور دوست میرے ساتھ ہیں، میں اپنے تمام مداحوں اور خیر خواہوں سے کہتا ہوں کہ وہ غیر ضروری قیاس آرائیوں سے اجتناب کریں، میں بہت جلد ان کے درمیان میں ہونگا۔
— Sanjay Dutt (@duttsanjay) August 11, 2020
انڈین میڈیا کے مطابق سنجے دت کے قریبی دوست نے بتایا ہے کہ وہ اپنی بیماری کے بارے میں پرامید ہیں کہ وہ جلد اس سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔ یہ مرض قابل علاج ہے لیکن اس کا فوری طور پر علاج کیا جانا ضروری ہے۔
خیال رہے کہ سنجے دت کو 8 اگست بروز ہفتہ کو سانس لینے میں تکلیف پر ممبئی لے لیلاوتی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ہسپتال میں ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا تاہم وہ نیگیٹو آیا تھا۔
Just wanted to assure everyone that I’m doing well. I’m currently under medical observation & my COVID-19 report is negative. With the help & care of the doctors, nurses & staff at Lilavati hospital, I should be home in a day or two. Thank you for your well wishes & blessings
— Sanjay Dutt (@duttsanjay) August 8, 2020
سنجے دت نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو بتایا تھا میں بالکل ٹھیک ہوں، ڈاکٹروں نے احتیاط کے طور پر مجھے ہسپتال میں رکھا ہے، میرا کووڈ 19 ٹیسٹ منفی آیا ہے، میں ایک یا 2 دن میں گھر جا سکوں گا، آپ کی نیک خواہشات کا شکریہ۔