اٹلی: کورونا کے خوف تلے وینس فلم فیسٹیول کا آغاز

Published On 03 September,2020 01:02 pm

روم: (دنیا نیوز) کورونا سے ماند شوبز ستارے پھر جگمگا اٹھے، اٹلی میں وینس فلم فیسٹیول کا آغاز ہو گیا جس میں کورونا سے بچاو کیلئے ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھا گیا۔

وینس فلم فیسٹیول میں شرکا نے ماسک پہن کر شرکت کی، ایس او پیز کے تحت سیٹوں میں فاصلہ بھی رکھا گیا۔ افتتاحی تقریب میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اداکارہ ٹلڈا سوینٹن کو دیا گیا، فلم فیسٹیول 12ستمبر تک جاری رہے گا جس میں اٹھارہ کیٹگریز میں ایوارڈ دیئے جائیں گے۔

میلے میں مجموعی طور پر 60 فلموں کی نمائش ہو گی، رواں سال میلے کو محدود پیمانے پر منعقد کیا گیا ہے۔ فنکاروں کیلئے نہ تو ریڈ کارپٹ بچھایا گیا بلکہ کئی یورپی ممالک کے اداکار میلے میں شرکت ہی نہیں کر سکے۔ یورپ کے دیگر ممالک میں بھی سینما کھول دیئے گئے ہیں تاہم وینس کے علاوہ کسی دوسرے ملک میں کورونا کے بعد سے اب تک کوئی فلمی میلہ منعقد نہیں کیا گیا۔

فلمی پنڈت وینس فلم فیسٹیول کے بعد مزید میلے منعقد ہونے کی توقع ظاہر کر رہے ہیں جبکہ فلمی سرگرمیوں میں تیزی آنے کے حوالے سے بھی پرامید ہیں۔