کراچی: (دنیا نیوز) لاہور میں موٹروے پر خاتون سے زیادتی کےخلاف کراچی میں فنکاروں نے احتجاج کیا۔ اداکارہ ماہرہ خان نے سی سی پی او لاہور کے بیان کو بے وقوفی قرار دیا۔ اداکارہ عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ ہم تیز ترین ٹرائل کا مطالبہ کرتے ہیں۔
فنکار برادری بھی ملک میں بڑھتے ریپ کیسز کےخلاف سڑکوں پر آ گئی،کراچی پریس کلب کے باہر سول سوسائٹی کے مظاہرے میں معروف ستاروں نے شرکت کی۔
فلمسٹار ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ سی سی پی او لاہور نے بےوقوفانہ بات کی، ریپ کے بعد عورت اپنی عزت نہیں گنواتی، مرد اپنی عزت گنوا دیتا ہے۔
اداکارہ عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ ہم نے اگر خوف کے ساتھ ہی جینا ہے تو محافظ کس لیے ہیں۔ ہم لاہور واقعے کے تیز ترین ٹرائل کا مطالبہ کرتے ہیں۔
مظاہرے کے شرکاء نے نعرے بازی بھی کی اور لاہور واقعے کے ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا۔