لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماضی کی مشہور اداکارہ ثمینہ بٹ کی دہائی سن لی، ایک لاکھ کی مالی امداد اور ماہانہ وظیفہ بھی باندھ دیا۔
کئی سال اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ ثمینہ بٹ نے اپنی غربت کی کہانی سوشل میڈیا پر بتائی تو وزیر اعلی کی جانب سے فوری ایکشن لیا گیا۔ ثمینہ بٹ کو وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے 1 لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک ستمبر میں مہیا کیا جا چکا ہے اور ان کو ماہانہ کی بنیاد پر بزدار حکومت کی جانب سے 5 ہزار روپے وظیفہ بھی ادا کیا جارہا ہے۔
وزیر اعلی عثمان بزدار کی حکومت نے فنکاروں کی معاشی بدحالی کا نوٹس لیتے ہوئے ایک پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے تحت کم آمدن یا دیگر غربت کا شکار فنکاروں کوآرٹسٹ خدمت کارڈ کے تحت ماہانہ کی بنیاد پر وظیفہ دیا جاتا ہے تاکہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے لوگوں کو ان کے مسائل کے حل کیلئے حکومت سپورٹ فراہم کر سکے۔ اس تمام پراسیس کو شفاف بنانے کیلئے بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے مستحق فنکاروں میں فنڈز کی تقسیم کی جاتی ہے۔