ممبئی: (ویب ڈیسک) مشہور ٹیلی وژن پروگرام بگ باس سے شہرت پانے والی بالی ووڈ اداکارہ ثناء خان نے مفتی انس سید کیساتھ شادی کے بعد اپنا نام تبدیل کرتے ہوئے اب ‘’سید ثناء خان’’ رکھ لیا ہے
ثناء خان نے اپنے شوہر مفتی انس سید کے ساتھ سرخ عروسی لباس میں اپنی تصویر شیئر کی ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی ہے۔ خیال رہے کہ ثناء خان نے کچھ عرصہ قبل اداکاری کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ ان کی 21 نومبر کو مفتی انس سید کیساتھ شادی انجام پائی تھی۔
دونوں کی شادی بھارتی شہر سورت میں انجام پائی جس میں دونوں خاندانوں نے شرکت کی۔ ثناء خان کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جو تصویر شیئر کی ہے اس میں کے شوہر نے سفید پاجامہ کرتا زیب تن کیا ہوا ہے جبکہ ثناء خان سرخ لباس پہنے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے ہاتھوں پر مہندی اور ڈھیر سارے زیور بھی پہنے ہوئے ہیں۔ ثناء خان نے اس تصویر کے ساتھ لکھا ہے کہ اللہ کی خاطر ایک دوسرے سے پیار کیا، اللہ کی خاطر ایک دوسرے سے نکاح کیا، اللہ ہمیں اس دنیا میں ایک بنائے رکھے اور ہمیں جنت میں پھر سے ملائے۔
اس سے پہلے ثناء خان کی سفید رنگ کے جوڑے میں مفتی انس سید کے ساتھ ایک ویڈیو خوب وائرل ہوئی جس میں وہ نکاح کا کیک کاٹتی بھی نظر آئیں۔
ثنا نے اپنے انسٹاگرام وال سے سبھی پرانی فلموں سے متعلق اور بولڈ تصویریں والی پوسٹ ہٹا دی ہیں لیکن اب وہ اپنے تازہ ویڈیو پر بھی صارفین کی تنقید کی زد میں ہیں۔
خیال رہے کہ ثناء خان نے اسلامی تعلیمات سے متاثر ہو کر اداکاری کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ انہوں نے اپنے ماضی کو بھلانے کی کوشش میں تمام تصویریں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہٹا دی تھیں۔ اب انہوں نے خود کو بالکل بدل لیا ہے۔
ثناء خان نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے فیصلے کو زندگی کا سب سے اہم فیصلہ بتایا اور لکھا کہ یہ میرا سب سے خوشی والا لمحہ ہے۔ اللہ میرے اس سفر میں میری مدد کریں اور راستہ دکھائیں۔ آپ سب مجھے دعا میں شامل رکھیں۔
اپنی پوسٹ میں ثناء خان نے لکھا کہ بھائیو اور بہنوں، اب میں اپنی زندگی کے سب سے اہم موڑ پر آ گئی ہوں اور آپ سے بات کر رہی ہوں۔ میں سالوں سے فلم انڈسٹری میں زندگی گزار رہی ہوں۔ ایک عرصے سے مجھے ہر طرح کی شہرت، عزت اور دولت ملی۔ مجھے یہ سب اپنے چاہنے والوں سے ملا، جس کے لئے میں ان کی شکرگزار ہوں۔
ثناء نے لکھا کہ لیکن اب کچھ دن سے یہ احساس مجھ پر قبضہ جمائے ہوئے ہے کہ دنیا میں آنے کا مقصد کیا صرف یہ ہے کہ وہ دولت اور شہرت کمائے؟ کیا اس کا یہ فرض نہیں ہوتا کہ وہ اپنی زندگی میں ان لوگوں کی خدمت کرے جو بے آسرا اور بے سہارا ہیں؟ کیا اسے یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ موت کسی بھی وقت آ سکتی ہے اور مرنے کے بعد اس کا کیا بننے والا ہے۔ ان دو سوالوں کے جواب میں مدت سے تلاش کر رہی ہوں۔ خاص کر دوسرے سوال کا جواب کہ مرنے کے بعد میرا کیا ہو گا؟
سابق اداکارہ نے لکھا کہ اس سوال کا جواب میں نے اپنے مذہب میں تلاش کیا تو مجھے پتا چلا کہ دنیا کی یہ زندگی اصل میں مرنے کے بعد کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے ہے، اور وہ اسی صورت میں بہتر ہو گی جب بندہ اپنے پیدا کرنے والے کے حکم کے مطابق اپنی زندگی گزارے اور صرف دولت اور شہرت کو اپنا مقصد نہ بنائے بلکہ گناہ کی زندگی سے بچ کر انسانیت کی خدمت کرے اور اپنے پیدا کرنے والے کے بتائے طریقوں پر چلے۔
Congratulations Sana Khan for her new beginning @sanaak21 #nikah pic.twitter.com/Ln8riSAmeG
— ZEESHN | زيشان (@KhanZeesh7n) November 21, 2020