نیو یارک: (ویب ڈیسک) ہالی وڈ فلم جونو کے لیے آسکر ایوارڈ کی نامزدگی پانے والی اور 'امبریلا اکیڈمی' میں کام کرنے والی اداکارہ ایلن پیج نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ خواجہ سرا ہیں۔
اس بات کا انکشاف انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ میں ایک تحریر کے ساتھ کیا۔
پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ اپنے نام ایلن پیج کا پہلا حصہ تبدیل کرتے ہوئے نیا نام ایلیٹ پیج رکھ لیا ہے۔ خواجہ سرا ہونے پر ان کے جو احساسات ہیں اُنہیں وہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتیں۔ میرے لیے یہ بیان کرنا قابلِ ذکر احساس ہے کہ میں خواجہ سرا ہوں۔
33 سالہ پیج کو 2007ء میں ریلیز ہونے والی فلم جونو میں نو عمر حاملہ کے کردار پر اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
2010 میں پیج کو سائنس فکشن تھرلر فلم انسیپشن میں شاندار اداکاری کی بدولت شہرت ملی۔ فی الوقت وہ نیٹ فلکس کی سپر ہیرو سیریز امبریلا اکیڈمی میں کام کر رہی ہیں۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں پیج نے لکھا ہے کہ ان کے لیے عورت کے بجائے مرد کا صیغہ استعمال کریں۔
پیج نے خواجہ سرا ہونے پر جہاں خوشی کا اظہار کیا وہیں اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اس بات سے خوف زدہ ہیں کہ انہیں آئندہ کن حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور اس انکشاف کے بعد کس حد تک اُن کا استحقاق مجروح ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے ڈر ہے کہ لوگ میرا مذاق اڑائیں گے، مجھے نفرت سے دیکھا جائے گا، لوگ مجھ پر لطیفے بنائیں گے اور شاید مجھے تشدد بھی برداشت کرنا پڑے۔
انہوں نے پوسٹ میں اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ اُن تمام خواجہ سراؤں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے جو ہر روز کسی نہ کسی طریقے سے ہراساں کیے جاتے ہیں، جو خود سے نفرت کرنے، بدسلوکی اور تشدد کے خطرے سے نمٹتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اکثر ایسے خواجہ سراؤں کو دیکھتا ہوں جنہیں تشدد کا سامنا ہوتا ہے، میں اُن سے پیار کرتا ہوں اور اس دنیا کو اُن کے لیے بہتر بنانے کی غرض سے ہر ممکن کوشش کروں گا۔