لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے اور معروف سکالر عامر لیاقت حسین کی پہلی اہلیہ سیّدہ بشریٰ اقبال نے تصدیق کی ہے کہ انہیں شوہر نے طلاق دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عامر لیاقت نے دوسری شادی کی تصدیق دسمبر 2018 میں کی تھی، ان کی دوسری شادی اداکارہ طوبیٰ عامر سے ہوئی تھی۔ انہوں نے نے پہلے شادی کو کچھ عرصہ خفیہ رکھا تھا تاہم جولائی 2018 میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوران انہوں نے دوسری شادی کا اعتراف کیا تھا۔
عامر لیاقت کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں دوسری شادی کے اعتراف کے بعد سوشل میڈیا پر کافی ہنگامہ سامنے آیا تاہم انہوں نے چند ماہ کی افواہوں کے بعد دسمبر 2018 میں پہلی بار عوامی سطح پر دوسری شادی کا اعتراف کیا۔
عامر لیاقت کو خود سے کئی سال کم عمر لڑکی سے دوسری شادی کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے اگست 2018 میں کہا تھا کہ تاحال وہ دوسری اہلیہ کے کفیل نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بیٹیوں کی وجہ سے 36 سال بعد شوہر سے خود طلاق لی، کوئی پچھتاوا نہیں: بشریٰ انصاری
عامر لیاقت کی جانب سے دوسری شادی کے عوامی سطح پر اعتراف کے ٹھیک دو سال بعد اب ان کی پہلی اہلیہ نے تصدیق کی ہے کہ شوہر نے انہیں طلاق دے دی تھی۔
سید بشریٰ اقبال نے سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ انسٹاگرام پوسٹ میں مختصر طور پر تصدیق کی کہ عامر لیاقت حسین نے انہیں طلاق دے دی تھی۔
بشریٰ اقبال نے یہ واضح نہیں کیا کہ عامر لیاقت نے انہیں کب طلاق دی تھی تاہم بتایا کہ سابق شوہر نے انہیں دوسری اہلیہ کی درخواست پر طلاق دی۔
بشریٰ اقبال نے انسٹا گرام پر لکھا کہ میرے سابق شوہر نے دوسری بیوی کی درخواست پر مجھے فون کال کرکے طلاق دی، جو ان کے لیے اور ان کے بچوں کے لیے کسی صدمے سے کم نہیں تھا۔ طلاق دینا الگ بات ہے اور اسے فون پر بچوں کے سامنے دینا الگ بات ہے۔
بشریٰ اقبال نے مختصر پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے اپنا پورا معاملہ خدا پر چھوڑ دیا ہے۔
بشریٰ اقبال کی جانب سے طلاق کی تصدیق کیے جانے کے بعد کئی لوگوں نے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ بشریٰ اقبال خود بھی یوٹیوب چینل چلاتی ہیں اور وہ سکالر بھی ہیں جب کہ وہ استاد بھی ہیں۔ بشریٰ اقبال بیٹی اور بیٹے کے ہمراہ سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں اور انہوں نے پہلے شوہر کی شادی کے 2 سال بعد اپنی طلاق کی تصدیق کردی۔