راج کپور خاندان کا ایک اور چراغ گل، راجیو کپور کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال

Published On 09 February,2021 04:13 pm

ممبئی: (ویب ڈیاک) راجیو کپور نے 1983ء میں بالی ووڈ کی فلم ایک جان ہیں ہم سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا تاہم انھیں رام تیری گنگا میلی سے فلم انڈسٹری میں شناخت ملی۔

تفصیل کے مطابق بالی ووڈ کے لیجنڈ ڈائریکٹر راج کپور کے چھوٹے صاحبزادے راجیو کپور کی دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہو گئی ہے۔ آنجہانی کی عمر 58 سال تھی۔ گزشتہ سال ان کے بڑے بھائی رشی کپور بھی کینسر سے لڑتے فوت ہو گئے تھے۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے ممتاز اداکار اور ڈائریکٹر راج کپور کے خاندان کا ایک اور چراغ گل ہو گیا ہے، ان کے سب سے چھوٹے صاحبزادے راجیو کپور کی بھی موت ہو گئی ہے۔ انڈین میڈٰیا کے مطابق آنجہانی راجیو کپور کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، انھیں طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

رندھیر کپور نے بھائی کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ راجیو کپور ہم میں نہیں رہے، میں نے اپنا چھوٹا بھائی کھو دیا ہے۔ ان کے علاوہ راجیو کپور کی بھابھی اور رشی کپور کی اہلیہ نیتو سنگھ نے بھی اپنے دیور کی موت کی تصدیق کی ہے۔