لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار فخر عالم نے نے ایک مرتبہ پھر شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ جب بھی گوادر کا رخ کریں تو اس کے ساحل کی خوبصورتی کو نقصان نہ پہنچائیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی سال سے پہاڑوں کے دامن میں واقع شہر گوادر میں جاری تعمیراتی منصوبے بلوچستان کی خوبصورتی اور سیاحت میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔ گوادر میں جہاں سی پیک کے تحت کئی تعمیراتی منصوبے جاری ہیں، جو نہ صرف ملکی بلکہ عالمی برادری کی توجہ کا مرکز بھی بنے ہوئے ہیں، وہیں آج کل پہاڑوں کے دامن میں بنائے گئے پہلے کرکٹ سٹیڈیم اور گوادر کے ساحل کے بھی چرچے ہیں۔
جنوری کے اواخر میں معروف اداکار و گلوکار فخر عالم نے گوادر کرکٹ سٹیڈیم کی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کی تھیں۔ ان کی ٹوئٹ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر شخصیات نے بھی اس کرکٹ سٹیڈیم کی تصاویر شیئر کی تھیں۔ جس کے بعد 19 فروری کو گوادر کرکٹ سٹیڈیم میں نمائشی میچ کا انعقاد کیا گیا تھا جو ڈولفنز اور شوبز شارکس کے درمیان منعقد ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: امن 21 مشقوں میں شرکت کرنیوالے ممالک کو خوش آمدید کہتے ہیں: فخر عالم
ڈولفنز کی قیادت وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور شوبز ٹیم کی قیادت پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کی تھی۔
فخرِ عالم نے ایک مرتبہ پھر شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ جب بھی گوادر کا رخ کریں تو اس کے ساحل کی خوبصورتی کو نقصان نہ پہنچائیں۔
Gwadar has pristine beaches..whenever you visit please make sure you don’t throw garbage or any disposable rubbish or plastic items at the beach. Respect the environment. Keep your country clean. Come to Gwadar play on the beach, swim in these beautiful waters & tell me about it. pic.twitter.com/MTDO3xhdEc
— Fakhr-e-Alam (@falamb3) February 21, 2021
انہوں نے گوادر کے ساحل کی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گوادر کے ساحل صاف ہیں، جب کبھی آپ وہاں جائیں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ ساحل پر کسی قسم کا کچرا یا پلاسٹک کی اشیا نہ پھینکیں۔ ماحول کا احترام کریں، ملک کو صاف ستھرا رکھیں۔
فخر عالم کا مزید کہنا تھا کہ گوادر کے ساحل پر آئیں، کھیلیں، اس خوبصورت پانی میں تیریں اور مجھے اس سے متعلق بتائیں۔
یہ بھی پڑھیں: گوادر کرکٹ سٹیڈیم میں میچ، شوبز شارکس نے گوادر ڈولفنز کو ہرا دیا
اداکار، گلوکار و میزبان فخر عالم ان دنوں گوادر میں موجود ہیں اور شہر کی خوبصورتی اور وہاں ہونے والے ترقیاتی کام سے عوام کو آگاہ کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ ان سے قبل کرکٹر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم شہریوں سے کراچی کے ساحل کو صاف رکھنے کی اپیل اور وہاں موجود گندگی پر برہمی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔