لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ بھلا میں کیوں پاگل ہونے لگی۔ پاگل ہوں میرے دشمن۔ امریکا میں رہائی وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی وجہ سے ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ میرا کے یہ الفاظ ایک ایسے موقع پر سننے کو ملے جب مقامی ذرائع ابلاغ پر ان سے متعلق ایسی سرسری اطلاعات سامنے آئیں کہ امریکا کے کسی ذہنی صحت کے مرکز میں علاج کے لیے داخل کروا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کئی فلموں اور ڈراموں میں کام کرنے کے علاوہ آف کیمرہ جانے انجانے میں لوگوں کو انٹرٹین کیا ہے۔ شاید اسی لیے یہ اطلاع سامنے آنے پر بہت سے لوگوں نے اپنی تشویش ظاہر کی۔
برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو کے دوران غصیلے انداز میں انہوں نے کہا کہ میرے مخالف لابی میری کردار کشی کرتی رہتی ہے تاکہ میرے سٹارڈم کو خراب کیا جائے۔ بروکلین ہسپتال میں مجھے کورونا ویکسین لگائی گئی اور میرے معمول کے ٹیسٹ کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ میرا ایک مرتبہ پھر مشکل میں، امریکا میں ڈاکٹرز نے پاگل قرار دیدیا
ذہنی صحت کے علاج کے کسی مرکز لے جانے اور اور امریکا سے ڈیپورٹ کیا جانے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکا میں مجھے ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ میں ڈپریشن کا شکار تھی، اس لیے مجھے ہسپتال جانا پڑا لیکن وہاں مجھے پاگل سمجھ لیا گیا اور میرا ٹیلی فون بھی مجھ سے چھین لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاگل پن اور ڈپریشن میں فرق ہوتا ہے، جسے سمجھنے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن امریکا میں میرے ساتھ یہ امتیاز نہ کیا گیا اور مجھے بند کردیا گیا۔ میں ساری رات چیختی اور پکارتی رہی۔ وہ بہت ہی ڈرؤانی اور منحوس رات تھی، میں رات بھر مدد کے لیے پکارتی رہی اور کوئی میری مدد کو نہ آیا۔ اگلے روز میری والدہ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر داخلہ شیخ رشید سے میری رہائی کی اپیل کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ امریکا میں ذہنی صحت کے مرکز سے رہائی وفاقی وزیر شیخ رشید کے فون سے ممکن ہو پائی جنہوں نے امریکا میں پاکستانی سفارتخانے سے میری رہائی کی بابت درخواست کی ہے۔ اس طرح پاکستانی سفارتخانے کی درخواست پر میری رہائی ممکن ہوسکی۔