میڈرڈ: (ویب ڈیسک) اپنے قہقوں کے منفرد انداز سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے ہسپانوی شہری چل بسے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انٹرنیٹ پر اپنے قہقوں سے مشہور ہونے والے عالمی شہرتِ یافتہ ہسپانوی مزاح کار جون جویا بورجا 65 سال کی عمر میں وفات پا گئے ہیں۔
جون جوریا بورجا طویل عرصے سے علیل تھے، گزشتہ دنوں انہیں طبیعت ناسازی کے بعد ہسپتال میں بھی داخل کرایا گیا تھا، جہاں آج وہ دورانِ علاج چل بسے۔ اُن کو ’ال رستاس‘ کے نام سے بھی دنیا بھر میں شہرت حاصل تھی۔
جون جویا بورجا کو 2007ء میں اُس وقت عالمی شہرت ملی جب وہ ایک انٹرویو میں موجود تھے اور کسی بات پر ایک دم سے ہنسے تھے۔ اُن کا یہ انداز لوگوں کو اس قدر پسند آیا کہ انہوں نے بعد میں اس ویڈیو کلپ کو مختلف مقامات پر میمز کے لیے استعمال کیا۔
اُنکے دوست نے تقریباً 7 سال بعد یعنی 2015 میں ایک اور مزاحیہ ویڈیو بنا کر شیئر کی جس میں جون جوریا کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا تھا۔ یہ ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر بہت زیادہ وائرل ہوئی تھی۔
بورجا خود بھی میڈیا انڈسٹری سے وابستہ رہے اور وہ مختلف ٹاک شوز میں میزبانی بھی کرچکے تھے۔ اُن کے انتقال کی خبر نے دنیا بھر میں موجود لاکھوں مداحوں کو افسردہ کردیا۔
ایک صارف نے اُن کی موت پر لکھا کہ جس شخص کے قہقہوں کی وجہ سے ہم اپنی پریشانی تھوڑی دیر کے لیے بھول جاتے تھے، اب وہ شخص ہم میں موجود نہیں ہوگا۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ اپنے قہقوں سے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والا شخص، لاکھوں لوگوں کو غمزدہ کرگیا۔