سوشل میڈیا پر شادی کی خبریں، اشنیٰ شاہ اور عمران عباس کا حیرت کا اظہار

Published On 25 May,2021 03:12 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار عمران عباس اور اشنیٰ شاہ اگرچہ متعدد بار ڈراموں میں دولہا اور دلہن کا کردار ادا کر چکے ہیں، تاہم حال ہی میں وہ اس وقت حیران رہ گئے جب انہوں نے اپنی شادی کی ویڈیوز دیکھیں۔

اشنیٰ شاہ اور عمران عباس نے 24 مئی کو انسٹاگرام سٹوریز میں اپنی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور اس بات پر ہنستے رہے کہ انہوں نے کب شادی کی؟۔

اشنیٰ شاہ نے اپنی شادی کی جعلی ویڈیو چلانے والے یوٹیوب چینل کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے عمران عباس کو مینشن کرتے ہوئے انہیں مزاحیہ انداز میں مبارک باد پیش کی۔

اسی طرح عمران عباس نے بھی شادی کی ویڈیو کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اداکارہ کو مینشن کیا اور ساتھ ہی یوٹیوبرز کو تجویز دی کہ وہ تصاویر کا فوٹو شاپ تو اچھے طریقے سے کرتے۔

عمران عباس نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی لکھا کہ وہ اپنی شادی سے متعلق مداحوں کو بتانا اور انسٹاگرام پر اپڈیٹ دینا بھول گئے تھے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عمران عباس کی شادی کی افواہیں پھیلی ہوں، اس سے قبل دسمبر 2020 میں بھی اداکار کی اداکارہ علیزے شاہ سے شادی کی افواہیں پھیلی تھیں۔

عمران عباس کی طرح ماضی میں اشنیٰ شاہ بھی اپنی شادی کے حوالے سے بات کر چکی ہیں اور بتا چکی ہیں کہ وہ ایسے شخص سے شادی کریں گی جو وفادار، پر خلوص، ایماندار اور سچا ہو۔
 

Advertisement