نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کورونا وائرس نے زندگی اجیرن کر کے رکھی ہوئی ہے، تاہم لوگوں کے چہروں پر خوشیاں لانے کے لیے بھارتی اداکار امیتابھ بچن کے ہم شکل میدان میں آ گئے ہیں، جسے دیکھنے والے حیران رہ جاتے ہیں کہ آیا یہ اصلی امیتابھ ہیں یا ہم شکل۔
تفصیلات کے مطابق لوگ اپنی کسی خوبی جیسے ڈانسنگ، گلوکاری، مزاح، روسٹنگ، اداکاری یا پھر کسی مشہور شخصیت کے ہم شکل ہونے کی وجہ سے مشہور ہوتے ہیں لیکن یہاں ہم جس شخص کی بات کرنے جارہے ہیں وہ بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن سے بے حد مشابہت رکھنے کے لیے تو مشہور ہیں ہی تاہم آج کل وہ کورونا کے مریضوں میں خوشیاں بانٹنے کے لیے بھی مقبول ہو رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا انفلوئنسر ششی کانت پیڈوال آج کل کورونا کے مریضوں کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں اور ان میں امید جگارہے ہیں۔ تاہم یہ آسان کام نہیں کیونکہ ہسپتال کے سٹاف کو اس بات پر قائل کرنا کہ وہ کورونا کے مریضوں میں خوشیاں بانٹنے کے لیے ان کیساتھ ورچوئل کال پر بات کرنا چاہتے ہیں بہت مشکل کام تھا۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن کے ہم شکل ششی کانت پیڈوال پیشے کے اعتبار سے ٹیچر ہیں اور امیتابھ بچن کے ہم شکل ہونے کی وجہ سے گزشتہ 12 برسوں سے بگ بی کے انداز میں اسٹیج شوز بھی کرتے ہیں۔
ابتدا میں تو بہت سے نجی ہسپتالوں نے انہیں صاف انکار کردیا جس کے بعد انہوں نے سرکاری اسپتالوں میں موجود کورونا کے مریضوں کے ساتھ ورچوئلی وقت گزارنے کا فیصلہ کیا لیکن اس کے لیے انہیں لمبے انتظار کی کوفت اٹھانی پڑی اور پھر انہوں نے ہسپتال کے عملے میں موجود ایک شخص کو اس بات پر آمادہ کیا کہ وہ ان کا رابطہ کورونا وائرس کے مریضوں سے کروائے اور اس پورے سیشن کو ریکارڈ کرے۔
کورونا کے مریضوں کے ساتھ فون کے ذریعے رابطہ کرنے پر ششی کانت امیتابھ بچن کے انداز میں ڈائیلاگز بولتے ہیں، نظمیں پڑھتے ہیں جس سے ان مریضوں کا حوصلہ بڑھتا ہے۔
ششی کانت نے بتایا کہ وہ کورونا کے مریضوں کی مدد کرنے کے کوئی پیسے نہیں لیتے بلکہ اس کام کو اپنا فرض سمجھ کر کرتے ہیں۔ یہ وقت دعا کمانے کا ہے۔