لاہور: (ویب ڈیسک) بالی وڈ سپر اسٹار عامر خان اور ان کی اہلیہ فلمساز کرن راؤ نے اپنی شادی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
اداکار عامر خان اور ان کی دوسری اہلیہ سے متعلق بھارتی میڈیا دعویٰ کر رہا ہے کہ دونوں نے ایک دوسرے سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔
عامر خان اور کرن راؤ کے بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شادی کے ان 15 سالوں میں ہم نے ایک ساتھ زندگی کے کئی مختلف تجربات کیے اور ڈھیروں خوشگوار لمحات ساتھ گزارے، ہمارا رشتہ محض بھروسے، عزت اور محبت کی بنیاد پر پروان چڑھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اب ہم میاں بیوی نا ہونے کی حیثیت سے اپنی زندگی کا نیا باب شروع کرنے جارہے ہیں، لیکن بیٹے (آزاد راؤ خان) کے والدین کے طور پر ہم فیملی ہیں، ہم کافی عرصہ پہلے سے اس علیحدگی کے بارے میں سوچ رہے تھے لیکن اب یہ ہوچکی ہے۔ پیغام کے آخر میں درج تھا کہ یہ طلاق زندگی کا اختتام نہیں بلکہ ہمارے نئے سفر کا آغاز ہے۔
خیال رہے کہ عامر خان نے فلمساز کرن راؤ سے دوسری شادی 28 دسمبر 2005 میں کی تھی۔